اسلام آباد(صبا ح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کاروباری طبقوں، تاجروں اور صنعت کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے کیونکہ وہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے ہر دور میں دور حکومت میں ان طبقات کو ہر ضروری سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی۔ مسلم لیگ (ن) کی اس پالیسی کو آئیندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار سینیٹر عرفان صدیقی نے اسلام آباد چیمبر اف کامرس کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس میں میں چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کے علاوہ چیمبر کے سینیئر ارکان رضوان چھینہ، انجینئر اظہار الاسلام ظفر، فہد وحید اور ظفر بختاوری بھی شریک تھے۔ سینیٹر عرفان صدیقی تاجروں، صنعت کاروں، وکلا، صحافیوں، کسانوں کی تنظیموں، اساتذہ اور دیگر اہم طبقات سے مسلم لیگ (ن) کے منشور کی تیاری کے بارے میں تجاویز حاصل کرنے کے لئے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
چیمبر کے ارکان نے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات، خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت، مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور تعمیرات کی صنعت کو مراعات دینے کے علاوہ متعدد دیگر تجاویز پیش کیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی منگل کو پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹس کے عہدے داروں سے ملاقات کر رہے ہیں