جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام اور ظالمانہ نظام کا خاتمہ چاہتی ہے، محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام اور ظالمانہ نظام کا خاتمہ چاہتی ہے، مری سانحہ اور سندھ میں کھاد کے بحران نے حکمرانوں کی نااہلی کو عیاں کرکے رکھ دیا ہے، عوام ملک میں حقیقی تبدیلی اور ریاست مدینہ طرز حکومت کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی گورگھ ہل کی ترقی سمیت سندھ کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی، ذمہ داران بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دادو میں جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ امیر صوبہ نے مرکھ پور میں قائم الخدمت میڈیکل سینٹر اور بچوں کے مدرسہ جامعہ المحصنات کا دورہ بھی کیا جبکہ حلقہ خواتین کے اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں دعوتی،تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا،

امیر ضلع دادو مولانا واحد بخش ببر ،جنرل سیکریٹری محمد موسیٰ،پروفیسرعلی اصغر،جے آئی یوتھ اور الخدمت کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ امیر صوبہ نے دادو پریس کلب کا دورہ کیا پریس کلب کے صدر صابر حسین بھنڈ نے استقبال کیا۔

قبل ازیں امیر صوبہ محمد حسین محنتی کا سہیون پہنچنے پر بھی مقامی امیر عبدالغنی بزدار کی قیادت میں استقبال اور موٹر سائیکل وکاروں کے جلوس میں گوٹھ بنگل خان بزدار لایاگیا، جہاں پر امیر صوبہ کو مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے سندھ کا ثقافتی تحفہ اجرک اور ٹوپی پیش کی گئی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ کہ جماعت اسلامی ایک انقلابی وعالمگیر تحریک ہے، ہم لوگوں کی دنیا کے ساتھ آخرت بھی ٹھیک کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں۔