سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کا پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق ورچوئل اجلاس


اسلام آباد(صباح نیوز)سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے دنیا بھر میں تعینات پاکستان کے سفیروں اور قونصل جنرلز کے ساتھ ورچوئل اجلاس منعقد کیا جس میں وزارت خارجہ کے کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں قائم ذیلی دفاتر کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق جلاس میں وزیراعظم کے کارکردگی یونٹ (پی۔ایم۔ڈی۔یو) سے متعلق امور پر غور کے علاوہ پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے درج کرائی جانے والی شکایات کے حل میں نظام سے متعلق معاملات کا جائزہ لیاگیاتاکہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں قائم ذیلی دفاتر کی طرف سے خدمات عامہ موثر انداز میں فراہم ہوںاور شکایات کے حل کی استعداد بڑھائی جائے۔ملکی معاشی شرح نمو اور قومی ترقی بڑھانے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قابل قدر کاوشوں کو سراہتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے زور دیا کہ پاکستانی سفارت خانے اپنے تمام وسائل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات پہنچانے کے لئے بروئے کار لائیں جبکہ موثر انداز اور وقت کے تعین کے ساتھ ان کی شکایات کے ازالے کے لئے مربوط کوششیں کریں۔سفیروں اور قونصل جنرل کے ای۔کچہریوں کے ذریعے بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ رابطوں کو سراہتے ہوئے

سیکریٹری خارجہ نے زور دیا کہ وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ یہ رابطے مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں۔ سیکریٹری خارجہ نے شکایات کے بروقت حل اور بیرون ملک پاکستانیوں کو خدمات کی فوری فراہمی میں حائل رکاوٹوں میں نظام سے متعلق مسائل کی نشاندہی اور ان کے خاتمے میں پاکستان سٹیزن پورٹل اور ای۔کچہریوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اجلاس کے شرکانے سیکریٹری خارجہ کو پاکستان سٹیزن پورٹل پر پاکستانی برادی کی طرف سے آنے والی شکایات کے رجحان سے آگاہ کیا اور متعدد اقدامات تجویز کئے جن سے پائیدار بنیادوں پر مسائل حل ہوں۔ سیکریٹری خارجہ نے اعادہ کیا کہ سفارت خانوں کے سربراہان کی تجاویز متعلقہ حکومتی اداروں کو پیش کی جائیں گی تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے اور ان کی شکایات کا حل ہوسکے۔