وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہسپانوی کانگریس وفد سے ملاقات


میڈرڈ(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہسپانوی کانگریس کے وفد سے ملاقات کی،ہسپانوی کانگریس کے وفد کی قیادت مسٹر پا میری کلوزے  نے کی،اسپین کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے اراکین نے وزیر خارجہ کو اسپین آمد پر خوش آمدید کہا،دوران ملاقات پاکستان اور اسپین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،

اراکین فارن ریلیشنز کمیٹی نے اسلام آباد میں پاکستان اور اسپین کے سفارتی تعلقات کے ستر سالہ جشن کو شایان شان طریقے سے منانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اس موقع پرمخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، اسپین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، ہسپانوی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ  پاکستان سے دو طرفہ تعلقات وسعت پذیر ہوئے، وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے،

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور سپین کے مابین تجارتی، اقتصادی، و باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،وزیر خارجہ نے سیاسی اور حکومتی سطح پر دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا،وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے کوشاں ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ علاقائی سلامتی اور روابط کے فروغ کے لیے پرامن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان، عالمی برادری کے ساتھ مل کر افغانستان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے افغانستان میں عدم استحکام کی بھاری قیمت چکائی ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کے میسر موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں عدم استحکام نہ صرف پاکستان اور خطے بلکہ سب کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں،15 اگست کے بعد ہم نے افغانستان کے حوالے سے یکساں لائحہ عمل اپنانے کیلئے، چھ قریبی ہمسایہ ممالک پر مشتمل پلیٹ فارم قائم کیا، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کا پہلا اجلاس پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد جبکہ دوسرا تہران میں منعقد ہوا،وزیر خارجہ نے افغان شہریوں کو درپیش انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے، موثر اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ،

انہو ں نے کہاکہ پاکستان، خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے، خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے،وزیر خارجہ نے اسپین میں مقیم، ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد پاکستانیوں کو دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں، مضبوط بندھن قرار دیتے ہوئے، کمیٹی کو پاکستانی نژاد شہریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا

انہوں نے کہاکہ مقامی قوانین کی وجہ سے اسپین میں مقیم پاکستانیوں کو، پاکستان کی شہریت ترک کرنا پڑتی ہے،توقع ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے اس مسئلے کا خوشگوار حل نکالا جائے گا،وزیر خارجہ نے سپین میں کانگریس کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے اراکین کو دورہ  پاکستان کی دعوت دی ،پین میں کانگریس کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے اراکین نے، افغانستان سے ہسپانوی شہریوں کے محفوظ انخلا میں بھرپور معاونت کی فراہمی اور دورہ  پاکستان کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔