جب ہم گرنے کے بعد اٹھتے ہیں تو بلندیوں کو چھوتے ہیں،بابراعظم


چنئی ،لاہور (صباح نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ورلڈ کپ میں مسلسل تین شکستوں کے بعد کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہم گرنے کے بعد اٹھتے ہیں تو بلندی کو چھو لیتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ سے قبل چنئی میں قومی اسکواڈ کی ٹریننگ کی ویڈیو جاری کی اور اس موقع پر کپتان بابر اعظم کو اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔بابراعظم نے کہا کہ ہم ایسا کئی بات کرچکے ہیں، جب ہم گرنے کے بعد اٹھتے ہیں تو بلندی پر جاتے ہیں، وہ بات یاد رکھیں۔کپتان نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر رکھیں گے تو آسانی ہوگی اور ساری چیزیں ہمارے ساتھ ہوں گی۔بابراعظم نے کہا کہ میں اس لیے بار بار کہہ رہا ہوں کیونکہ ہم یہ کر چکے ہیں، ہم نے کرکے دکھایا ہے اور کئی بار کرکے دکھایا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کو ابتدائی دو میچوں سری لنکا اور نیدرلینڈز سے جیتنے کے بعد بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان سے مسلسل تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد قومی ٹیم ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر آ گئی۔حال ہی میں افغانستان سے میچ ہارنے کے بعد ٹیم کو شائقین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اور بہت سے لوگوں نے بابر اعظم کی کپتانی پر بھی سوال اٹھائے۔افغانستان سے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کے بارے کہا تھا کہ ہماری فیلڈنگ اور بالنگ دونوں معیاری نہیں تھی۔ورلڈکپ میں مسلسل تین شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شائقین پر زور دیاکہ وہ ٹیم کے ساتھ کھڑے رہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسلسل تین شکستوں کے بعد وہ شائقین کے جذبات اور احساسات کو تسلیم کرتے ہیں۔پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس مشکل ماحول میں پی سی بی انتظامیہ یہ امید کرتی ہے کہ کرکٹ سے تعلق رکھنے والی برادری اور شائقین کپتان بابر اعظم اور پاکستانی ٹیم کا ساتھ دے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رانڈ کے اب بھی 4 میچ ہونا باقی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ ٹیم دوبارہ اٹھے گی، رکاوٹوں پر قابو پائے گی اور آنے والے میچوں میں مثبت اور موثر کارکردگی دکھائے گی۔پی سی بی نے کپتان بابر اعظم اور ٹیم انتظامیہ کی میڈیا اسکروٹنی کے بارے میں بھی ذکر کیا، مزید کہا کہ پی سی بی کا بیانیہ ہے کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے۔بورڈ نے مزید کہا کہ بابر اعظم اور کوچ انضمام الحق کو ورلڈ کپ اسکواڈ کی تشکیل میں آزادی اور حمایت حاصل تھی۔مستقبل میں بورڈ پاکستان کرکٹ کی مفاد کے لیے ٹیم کی ورلڈ کپ میں کاکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرے گا، پی سی بی اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ شائقین، سابق کھلاڑی اور اسٹیک ہولڈرز ٹیم کا ساتھ دیں، جو میگا ایونٹ میں فاتحانہ واپسی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔پاکستانی ٹیم کل بھارتی شہر چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ میں اپنا چھٹا میچ کھیلے گا۔

دریں اثنا، پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارا کھیل اتنا اچھا ہے کہ کسی کو بھی شکست دے سکتے ہیں۔مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ان کھلاڑیوں کے پاس صلاحیت موجود ہے، یہ کوچز پر ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم کل ہونے والے مقابلے کے لیے انہیں اعتماد دیں، اور یقین رکھیں کہ وہ صورت حال تبدیل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک اپنے صلاحیت کے مطابق مکمل کرکٹ نہیں کھیلی، یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم تحقیق کریں، کھوج لگائیں، مشورہ کریں، معلومات کا تبادلہ کریں اور اعتماد دیں کہ ہم مل کر وہی کرکٹ کھیل سکتے ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہماری بھرپور کارکردگی کافی ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ ہماری صلاحیت کسی کو بھی ہرانے کے لیے کافی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کا حل نکالنا ہے کیونکہ کھلاڑیوں میں کچھ کر دکھانے کی تڑپ ہے، لڑکے پریکٹس میں سخت محنت کر رہے ہیں اور میں ان کی کوشش پر شک نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کے انداز میں کوئی مسئلہ نہیں دیکھا، مجھے جو کمی نظر آرہی ہے وہ دبا میں اپنی صلاحیتوں کے استعمال میں نظر آئی اور یہی چیز تھی جس پر ہم نے پریکٹس میں مسلسل کام کیا ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ افریقی ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ ہے کیونکہ انہوں نے بہترین کھیلا ہے، میں جانتا ہوں کہ اگر ہم نے بنیادی کام کیا اور نظم و ضبط رکھا اور اپنی صلاحتیں دکھائیں تو ہم کسی کو بھی ہرا سکتے ہیں