سانحہ مری پر ہر انسان کا دل دہل گیا،مراد علی شاہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ مری پر ہر انسان کا دل دہل گیا، حکومت کہہ رہی ہے لوگ وہاں کیوں گئے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر یہ نہیں کہیں گے پچھلے راستے سے نکل گیا، شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ مری پر ہر انسان کا دل دہل گیا، حکومت کہہ رہی ہے لوگ وہاں کیوں گئے، ایسے بے حس حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے، حکومت کہہ رہی ہے لوگ خود ذمہ دار ہیں کہ وہ مری کیوں گئے اور گاڑی میں کیوں بیٹھے، پہلے حکومت خود ہی تعریفیں کر رہی تھی کہ اتنے لوگ مری پہنچ گئے، یہ پاکستان میں مہنگائی نہ ہونے کا بیان دیکر غریبوں کا دل دکھاتے ہیں، وزرا کام کریں نہ کریں، ٹویٹ ضرور کرتے ہیں، انہیں صرف ٹویٹ کا شوق ہے،وفاقی حکومت اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر لگادیتی ہے، آٹا چینی یوریا کھاد بحران کا الزام سندھ حکومت پر لگادیا گیا، اگر تمام مسائل سندھ حکومت پیدا کر رہی ہے تو ہٹ جائیں ہمیں ملک چلانے دیں۔

انہوں نے کہا کہ جب میڈیا سڑک پر کھڑے ہوکر لوگوں سے رائے لیتا ہے اور وہ سندھ حکومت کو برا بھلا کہتے ہیں تو مجھے خوشی ہوتی ہے کہ مجھے پتہ چلتا ہے کہ کیا ہورہا ہے، میڈیا سمجھتا ہے ہم نے ایکسپوز کردیا، پوائنٹ اسکورنگ ہورہی ہے، لیکن ہمیں تو خوشی ہوتی ہے کہ ہمیں پتہ چلتا ہے اور ہم اس پر ایکشن لیتے ہیں، ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم بہت اچھا کام کررہے ہیں اور انتظامیہ نے بڑا اچھا کام کیا ہے، ہم اپنی غلطی کو درست کرتے ہیں کہ میڈیا ہماری غلطیاں دکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کو ویلکم کرتے ہیں، اومی کرون کا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، عوام ماسک پہنیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔