ورلڈکپ :جنوبی افریقا نے بنگلا دیش کو 149 رنز سے شکست دیکر چوتھی فتح حاصل کرلی


ممبئی(صباح نیوز)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں جنوبی افریقا نے بنگلادیش کو 149 رنز کے بھاری مارجن سے شکست  دے کر ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔

جنوبی افریقا کے 383 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں آوٹ ہوگئی۔ یہ بنگلادیش کی ایونٹ میں چوتھی ناکامی ہے۔ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے، ڈی کوک نے شاندار 174 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہینرک کلاسن نے 49گیندوں پر 90 رنز بنائے۔

کوئنٹن ڈی کوک کی رواں ورلڈکپ میں یہ تیسری سنچری ہے۔ اس کے علاوہ ایڈن مارکرم نے 60 ، ہینڈرکس نے 12، وین ڈر ڈوسن نے ایک رن بنایا جبکہ ڈیوڈ ملر 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 2، مہیدی حسن میراز ، شریف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔۔