پی ٹی آئی اکاؤنٹس میں غبن سامنے آیا،شاہد خاقان


اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اکائونٹس میں غبن سامنے آیا، حکومت بتانے سے قاصر ہے کہ آئی ایم ایف سے کیا وعدے کئے۔

انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اکائونٹس میں غبن سامنے آیا، پی ٹی آئی نے 26 اکائونٹس میں سے 4 ڈیکلیئر کئے، الیکشن کمیشن رپورٹ کے مطابق ملک کا وزیراعظم بیرون ملک کمپنیاں چلاتا اور پیسے اکٹھے کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مری میں ہونے والی اموات کی کوئی ذمہ داری لینے کے لئے تیار نہیں، سیاحوں کی گاڑیوں کو چیک کر لیا جاتا تو یہ اموات نہ ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے عدالتی فیصلوں میں صادق اور امین کے لقب بانٹے، صدر، وزیراعظم اور وزرا بیرون ملک کمپنیاں چلا رہے ہیں، 7 سال میں ایک بینک سٹیٹمنٹ الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ صادق اور امین وہ ہوتا ہے جو بیرون ملک کمپنیاں نہ چلائے، سینیٹ، قومی اسمبلی میں عوام پر مزید ٹیکس لگانے کی تجاویز موجود ہیں، حکومت بتانے سے قاصر ہے کہ آئی ایم ایف سے کیا وعدے کئے، ان کو صادق اور امین کے لقب بانٹے گئے، چیئرمین نیب 3 ماہ سے روزانہ کی اجرت پر کام کر رہے ہیں، نیب کیس بنائے اور عدالتوں کی کارروائی عوام کو دکھائے تاکہ پتا چلے کہ کونسی کرپشن ہوئی ہے، وقت آئے گا جب ہم نیب میں کرپشن سب کو دکھائیں گے۔