اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان میں ،، ہاکی سپرلیگ ،، کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام ڈویژنوں شہروں میں قومی کھیل پاکی کو فروغ ملنا چاہیے میں خود بھی ہاکی کا کھلاڑی رہا ہوں، تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان میں ہاکی کی کھوئی ہوئی شان کو بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی وہ اسلام آباد میں 67ویں نیشنل سینئر ہاکی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام آرمی ویلفیئر ٹرسٹ نے کیا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہاکی کے کھیل کے سلسلے میں ہم اپنے کارپوریٹ سیکٹر کو متحرک کریں گے اور مختلف حکومتی اقدامات شروع کریں گے۔ کرکٹ کی طرز پر ہاکی، علاقائی سطح پر ہاکی سپر لیگز کرائی جائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہاکی کے قومی کھیل کے کھوئے ہوئے مقام کو مسلسل محنت کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ ہاکی کے نامور کھلاڑی موجودہ دور کے ہاکی کے کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل ہیں ۔ مسلسل محنت کی ضرورت ہے ۔ ہاکی کے نامور کھلاڑیوں کے جذبات کے قرض کو ادا کرنا ہے ، صاحب جنون ہی صاحب عزت بن سکتا ہے
اس موقع پر انہوں نے شعر پڑھا ۔” یقین محکم عمل پیہم محبت فاتح عالم ۔۔۔۔جہاد زندگانی میں ہیں یہ مردوں کی شمشیریںڈویژنل اضلاع اور شہروں کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا ہے علاقائی سپر لیگز ہونی چاہئیں ۔ وزیراعظم نے قومی ٹی وی کو ہدایت کی کہ وہ ہاکی کے فروغ کے لیے ہمارے ہیروز کو شامل کرکے اقدامات کرے۔وزیر اعظم نے ہاکی کے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ جذبہ اور ولولہ برقرار رکھیں اور قومی کھیل کی شان کو بحال کرنے کے لیے ملک کے لیجنڈ ہاکی کھلاڑیوں کی پیروی کریں، میں خود بھی ہاکی کا کھلاڑی رہا ہوں۔