وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی رومانیہ کا دورہ مکمل کرکے اسپین روانہ


بخارسٹ(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، 9 سے 10 جنوری تک رومانیہ کا دورہ مکمل کر کے، اگلے مرحلے کیلئے اسپین روانہ ہوگئے،

بخارسٹ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال اور رومانیہ کی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا،وزیر خارجہ نے رومانیہ کے دورے کے دوران، رومانیہ کے وزیر اعظم مسٹر نکولاء چیوکا، رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو اور رومانیہ کے وزیر برائے اقتصادیات فلورین اسپاتارو سے ملاقاتیں کیں ۔

ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا گیا،وزیر خارجہ نے ان حالیہ ملاقاتوں کو پاکستان اور رومانیہ کے مابین ایک نئے دور کے آغاز سے تعبیر کیا،وزیر خارجہ نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ روابط کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا،

وزیر خارجہ کے دورہ رومانیہ کے دوران، پولیٹینیکا یونیورسٹی آف بخارسٹ کے ساتھ پاکستانی طلبا کو مستقل بنیادوں پر اسکالرشپ دینے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری  اور رومانیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے درمیان تعاون کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔رومانیہ کی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران وزیر خارجہ نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بالخصوص میں صورتحال کی سنگینی اور افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔اس سے قبل، 9 جنوری 2022 کو اپنی آمد کے بعد، وزیر خارجہ نے پاکستان کے سفارت خانے میں ‘پاکستان ثقافتی اور تجارتی نمائشی مرکز’ کا افتتاح کیا۔یہ سنٹر پاکستانی برآمدی اشیا کی مستقل نمائش اور سیاحت کو فروغ دینے اور ملک کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی تقریبات کے انعقاد کے لیے قائم کیا گیا ہے،

وزیر خارجہ نے، رومانیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے دورے کے دوران، رومانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کیا اور حکومت کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔وزیر خارجہ نے رومانیہ کے ایم ای پیز، اراکین پارلیمنٹ، تھنک ٹینک کے رہنماں اور رائے سازوں، یونیورسٹیوں کے ریکٹرز/ڈینز اور چیمبرز/ سے متعلقہ اداروں کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں،وزیر خارجہ کے دورہ کے موقع پر رومانیہ نے پاکستانی عوام کے لئے پانچ لاکھ کرونا ویکسین کے تحفہ کا اعلان بھی کیا،ترجمان دفترخارجہ کے مطابق  توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہ  رومانیہ آئندہ آنے والے وقتوں میں دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں انتہائی معاون ثابت ہو گا۔