چاغی(صباح نیوز) وزیر اعلی بلوچستان قدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ریکوڈِک سے صوبے کو اتنا حصہ ملے گا جو کسی نے سوچا بھی نہیں ہے۔
دالبندین ایئر پورٹ پر مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریکوڈک پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ درست نہیں ہے، بلوچستان کو اس سے ان شااللہ 25 فی صد سے بھی زیادہ شیئر ملے گا۔وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا میں بلوچستان کے حقوق کے لیے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ریکوڈک پر آنے والے دنوں میں عوام کو اچھی خبر ملے گی، ریکوڈِک پراجیکٹ سے سی ایس آر فنڈز سے ضلع کو اربوں ملیں گے۔
انھوں نے کہا ہم بے روز گاری کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے، بلوچستان کے مسائل کو حل کرنا میری حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔قدوس بزنجو کا کہنا تھا ریکوڈک سے متعلق تمام باتیں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور بے بنیاد ہیں، ریکو ڈک سے اتنا شیئر بلوچستان کو ملے گا کہ کسی نے سوچا بھی نہیں ہے، بلوچستان کے عوام کو ان کے خواہشات کے مطابق حقوق اور شیئر ملے گا۔