اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی شبلی فرازنے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین(ای وی ایم)پرہونگے، اپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے تنقیدنہیں کرنی چاہئے ،حکومت الیکشن کمیشن کا ہاتھ بٹانے کیلئے تیار ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی ماہ سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بات ہورہی ہے اور اب ای وی ایم مشین بنا کر اس پر قانون سازی بھی کرلی ہے، ای وی ایم کی بحث اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک یہ بات کہی جارہی تھی کہ اس مشین کو ٹیسٹ نہیں کیا جاسکا تاہم اب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔اس سلسلے میں ابتدائی ٹریننگ اور ٹیسٹنگ کیلئے اگلے ہفتے کچھ مشینیں الیکشن کمیشن کودے دیں گے اور ای وی ایم کے ذریعے صاف اور شفاف انتخابات ہونگے۔پچھلے ماہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کے نتائج تاخیر سے آئے اورکچھ جگہوں پر ضائع ہونیوالے ووٹوں کی تعداد جیت کے مارجن سے کم تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم ای وی ایم پرعملدرآمد کیلئے جارہے ہیں اور مقامی حکومتوں کے انتخابات ثابت کردیں گے کہ ای وی ایم کے ذریعے انتخابات ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے تنقید برائے تنقید کرنا ختم کرنا چاہئے۔ ٹھپہ برائے ٹھپہ کا دور چلا گیا اور اب موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے۔انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ اپوزیشن ماضی کے انتخابات میں ٹھپہ مافیا کا کردار ادا کرتے تھے تاہم حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اپوزیشن سے بات چیت کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہینے کے آخر میں انٹرنیٹ ووٹنگ کا طریقہ کار فائنل کرلیں گے۔