نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان کی پہلی جیت پر پاکستانی قوم کو مبارکباد

اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان کی پہلی جیت پر پاکستانی قوم، فٹ بال کے شائقین اور فٹ بال ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کھیل اور فٹ بال کی جیت ہوئی ہے، فٹ بال دنیا بھر میں عوام کا کھیل ہے اور اسے پاکستان میں مقبولیت حاصل ہے۔ آج فٹ بال کے میچ میں کامیابی پر سب لوگ خوش ہیں، پوری کوشش ہے کہ کھیلوں سے سیاست کو دور رکھیں۔منگل کو جناح سٹیڈیم میں پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لئے کوالیفائر فٹ بال میچ میں پاکستان کی جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کمبوڈیا اور پاکستان کی ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا جس پر دونوں ٹیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے سبز اور سفید رنگ کا لباس پہن کر پاکستانی پرچم کی نمائندگی کی۔نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کی جیت کسی ملک یا ٹیم کی جیت نہیں بلکہ فٹ بال کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فٹ بال سے ان کی بے پناہ رغبت رہی ہے، یہ محنت کشوں کا کھیل ہے جس پر زیادہ اخراجات کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں فٹ بال کو وہ اہمیت نہیں مل سکی جو قیام پاکستان سے پہلے اور قیام پاکستان کے بعد فٹ بال کو حاصل تھی۔انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی رابطہ کی وزارت نے فٹ بال میچ کے لئے بہترین انتظامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست ایک ڈرائونا خواب رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ سیاست کو کھیلوں سے دور رکھا جائے۔ مجھے امید ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں فٹ بال کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ آج کھیل سے پہلے اور کھیل کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ ملے، ہمیں اس جذبہ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ہم الیکشن کے بہت قریب ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی درجہ حرارت کو نیچے لایا جائے اور جو جذبہ آج کھیل میں نظر آیا ہے یہ ہماری سیاست میں بھی منتقل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تعمیری جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کی فتح کا جشن منانے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور کمبوڈیا کی ٹیموں کے درمیان فٹ بال میچ دیکھا۔ ہوم لیگ میں پاکستان نے کمبوڈیا کو 1-0 سے شکست دیتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر کے دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول ہارون حمید نے 68 ویں منٹ میں کیا۔ پاکستان نے 12 سال بعد ورلڈ کپ کوالیفائر کی میزبانی کی ہے۔۔۔