مریم نواز نے جی سی یونیورسٹی کا دعوت نامہ احتراما مسترد کیا: مریم اورنگزیب

لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی کا دعوت نامہ چیف آرگنائزر مریم نواز نے احتراما مسترد کیا۔ اپنے بیا ن میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی کی طرف سے دعوت نامہ 5 اکتوبر کو چیف آرگنائزر کے دفتر کو موصول ہوا تھا، پی ایم ایل این کا خیال ہے کہ تعلیمی اداروں کی اولین توجہ تعلیم کے اعلی معیار کی فراہمی ہے، اسے برقرار رکھنے، اچھے اخلاقی اور سماجی طرز عمل کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی اور سیاسی عزائم کے لئے ان کا استحصال نہیں ہونا چاہئے، افسوس کہ ماضی قریب میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو ذاتی عزائم اور سیاسی ایجنڈوں کو آگے بڑھانے کے لئے استعمال کیا گیا، مسلم لیگ (ن) اس غلط راستے کے انتخاب کی حمایت نہیں کرتی۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سیاست، رہنما اور وابستگی بدلتی رہتی ہے تاہم ذاتی مفاد صرف توسیع اور اگلی ملازمتوں تک ہی محدود رہتا ہے، میڈم چیف آرگنائزر تعلیمی اداروں کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنائیں گی تاکہ خاص طور پر اعلی تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھایا جائے، مدد کی جائے اور نوجوانوں کو ان کی مکمل صلاحیتوں کو حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے ۔۔