کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی کے تحت صوبائی حکومت کے بلدیاتی کالے قانون کے خلاف اور کراچی دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے آج سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے ،ریلیاں،دھرنے اور احتجاجی کیمپ لگا کر سندھ حکومت کے سندھ وعوام دشمن اقدامات سے قوم کو آ گاہ کیاگیاصوبائی اعلامیہ کے مطابق آج دادو،سکھر ،لاڑکانہ ،جیکب آباد ،شکارپور ،گھوٹکی، بدین ،میرپور خاص،ٹھٹھہ ،نوابشاہ ،ٹنڈوآدم ،گولارچی،شہدادکوٹ ،ٹنڈوباگو،کندھ کوٹ ،مٹھی نوشہرہ فیروز اور ٹنڈو الہیار میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
رہنماوں نے پیپلز پارٹی کے بلدیاتی بل کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کراچی تا کشمور سندھ کے بلدیاتی اداروں اور منتخب نمائندوں کو مالی وانتظامی اختیارات دیئے جائیں۔ دادو میں بائی پاس سے پریس کلب تک احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ احتجاج کسی پارٹی یا حکومت کے خلاف نہیں بلکہ بلدیاتی کالے قانون کے خلاف ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بل سراسر بد دیانتی پر مشتمل ہے جس کے ذریعے پورے بلدیاتی نظام کو مفلوج اور منتخب نمائندوں کے ہاتھ پاوں باندھ کر اختیارات سے محروم کر دیا گیا ہے۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے اٹھارویں ترمیم کے تحت مرکز سے اختیار لے لئے مگر وہ اختیارات نچلی سطح پر دینے کیلیے تیار نہیں ہے جو کہ اس کے دہرے معیار کے عکاسی ہے۔جماعت اسلامی کے پاس تین مرتبہ کراچی کی میئر شپ رہی ہم کراچی کے مسائل کا اچھی طرح ادراک رکھتے ہیں اسی لئے کالے قانون کے خلاف احتجاج اور بل میں ترمیم سمیت عوام کے حقوق کے لیے احتجاج ہمارا حق ہے اس موقع پر ضلعی امیر مولانا واحد بخش ببر ،محمد موسیٰ نے بھی خطاب کیا ۔
لاڑکانہ میں بندر روڈسے پریس کلب تک مظاہرے سے صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ،ہائی کورٹ بار کے صدر عاشق دہامراہ،قاری ابو زبیرجکھرو، شکارپورمیں گھنٹہ گھرچوک پرمظاہرے سے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا، جیکب آباد میں مقامی دفتر سے پریس کلب تک ہونے ولی ریلی سے صوبائی نائب امیر ممتازحسین سہتو،ضلعی امیرحاجی دیدارعلی لاشاری،
ٹنڈو الہیار میں لیاقت گیٹ پر مظاہرے سے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی،ضلعی امیر دیدار علی بہرانی،سکھر پریس کلب پر مظاہرے سے صوبائی رہنماوں عبدالحفیظ بجارانی،مولانا حزب اللہ جکھرو امیرضلع سلطان لاشاری، حیدرآباد پریس کلب پردھرنے سے عقیل احمد خان،بدین گولارچی،ٹنڈوباگو میں مظاہروں سے سید علی مردان شاہ،عظیم منصوری ایاز لطیف سومرو،مولانا عبدالکریم بلیدی،نوشہروفیروز میں ایڈووکیٹ شبیرخانزادہ ،ہاشم لاشاری ندیم غوری،ڈہرکی میں مولانا یوسف مزاری تشکیل صدیقی،
تھرپارکر میں سبحان سمیجو،ٹنڈو آدم میں مشتاق عادل،عبدالستار انصاری جبکہ کندھ کوٹ میں گھنٹہ گھرچوک پراحتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ اس موقع پر ضلعی رہنما جان گل خلجی،عمرفاروق چنا اور ایڈووکیٹ عبیداللہ بلوچ نے خطاب کیا۔رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی کالے قانون کی واپسی اورظلم و ناانصافیوں کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔