بخارسٹ(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں رومانیہ پہنچ گئے۔بخارسٹ ، بین الاقوامی ہوائی اڈے پر رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال اور رومانیہ کی وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ رومانیہ کا دورہ،رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو کی دعوت پر کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ رومانیہ میں، رومانیہ کے وزیر اعظم نکولای ایونل چیوکا، وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو اور وزیر اقتصادی امور سمیت اہم قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے دورہ رومانیہ سے دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور اعلی سطحی روابط کے فروغ میں مدد ملے گی۔