الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی کے قانون کو ختم کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج


لاہور(صباح نیوز)الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی کے قانون کو ختم کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کر کے تاحیات نااہلی کی مدت کو ختم کر کے 5برس کردیا گیا ہے، سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل 62 ایف ون کی پہلے ہی تشریح کر چکی ہے، سپریم کورٹ کی تشریح کے بعد قانون میں ترمیم کرنا آئین کے آرٹیکل 175 کے سیکشن 3 کی خلاف ورزی ہے۔شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے اقدام کا لعدم قرار دے۔