سری نگر: مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں پیر کے روز انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جائے گا۔ اس دفعہ انسانی حقوق کا عالمی ایک ایسے موقع پر منایا جاے گا جب بھارتی فوج نے سال 2021 کے دوران پانچ خواتین اور پانچ کم عمر لڑکوں سمیت 210 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے کشمیری رہنماوں اور ماہرین نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔
بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 33برس کے دوران 95ہزار9سو48کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے تاہم بھارتی فوج کا کوئی احتساب نہیں کیا گیا ۔ انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصد انسان کے حقوق کو بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب اور زبان تسلیم کرنا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس دن کو منانے کا فیصلہ 10 دسمبر 1948 میں کیا جس کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کی انسانی حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ڈیکلیریشن کی جانب توجہ دلانا ہے۔
اس تاریخ کے انتخاب کا مقصد 10 دسمبر 1949 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے توثیق کردہ انسانی حقوق کا آفاقی منشور یونیورسل ڈیکلیریشن آف ہیومن رائٹس کی یاد تازہ کرنا اور دنیا کی توجہ اس طرف مبذول کروانا بھی ہے۔اس منشور کو عالمی سطح پر انسانی حقوق کا پہلا اعلان تعبیر کیا جاتا ہے اور اقوام متحدہ کی ابتدائی بڑی کامیابیوں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔اقوام متحدہ کے اس منشور میں واضح طور پر لکھا ہے کہ اقوام متحدہ کے لوگ یہ یقین رکھتے ہیں کہ کچھ ایسے انسانی حقوق ہیں جو کبھی چھینے نہیں جا سکتے، جن میں انسانی وقار بھی شامل ہے۔