راولپنڈی(صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا اور دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشت گردوں ہلاک ہوگئے جبکہ آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے ،شہادت کا رتبہ پانے والے 31 سالہ میجر علی رضا کا تعلق سرگودھا سے تھا، شہید میجر علی رضا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی قیادت کر رہے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے حوالدار نثار احمد نے بھی جام شہادت نوش کیا، 38 سالہ شہید حوالدار نثار احمد کا تعلق وہاڑی سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ہمارے بہادر جوانوں کی مقروض ہیں، علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔۔