نگران وزیراطلاعات ونشریات مرتضی سولنگی اور روسی سفیردانیلا گینیچ کے درمیان اہم ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مرتضی سولنگی نے  روسی سفیردانیلا گینیچ  کوسندھی اجرک اور ٹوپی  پہنا دی لکڑی مصنوعات کا تحفہ بھی پیش کیا، پاک روس تعاون سمیت روسی وزیر اطلاعات کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔  وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنا پاکستان  کے دل کی آواز ہے جب کہ روسی سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ  مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔وزیراطلاعات  مرتضی سولنگی سے پیر کو اسلام آباد میں  پاکستان میں تعینات روس کے سفیر دانیلا گینیچ نے  ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں روسی وزیر اطلاعات کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ روسی وزیر اطلاعات کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی جائے گی۔ملاقات میں روسی وزیر اطلاعات کے دورہ کے موقع پر اے پی پی اور طاس نیوز ایجنسی، پی ٹی وی اور روسی ٹیلی ویژن اور روسی ریڈیو ریڈیو پاکستان کے درمیان ممکنہ معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے روابط، سلامتی، معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے  پک روس عزم کا اظہارکیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان روس کے ساتھ میڈیا، ڈرامہ، فلمز کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے ۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں تقریب کے انعقاد پر بھی گفتگوہوئی ۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کا سلسلہ طویل عرصے پر محیط ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانا اور مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنا پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کے دل کی آواز ہے،ہمیں یقین ہے کہ ہمارے باہمی تعلقات بدلتے تقاضوں کے مطابق تابناک مستقبل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔روسی سفیر پاکستان اور روس کے مابین ذرائع ابلاغ سمیت زندگی کے ہر شعبے میں تعاون موجود ہے۔ روس پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کا خواہاں ہے۔ میں پاکستانی ڈراموں کو خاصی مقبولیت حاصل ہے۔