تہران (صباح نیوز)ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے صیہونی حکومت کے خلاف فلسطین کی تحریک مزاحمت کے آپریشن طوفان الاقصی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور یورپی حکومتیں فلسطینی قوم کے خلاف نفسیاتی جنگ اور زہریلا پروپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے طوفان الاقصی آپریشن کو مزاحمتی گروہوں اور مظلوم فلسطینی عوام کا جائز حق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ اور امریکہ جو فلسطینی قوم کے خلاف جاری جرائم کی ہمیشہ حمایت کرتے رہے ہیں، ظالم کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور فلسطینی قوم کے حقوق کی پامالی کو نظرانداز کرتے ہوئے ظالم کی حمایت کر رہے ہیں۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے میں ایران کا موقف ہمیشہ بہت واضح رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں دنیا کے بہت سے ممالک سامنے آئے ہیں جن میں اسلامی ملکوں کا نام قابل ذکر ہے۔ناصر کنعانی نے بعض ملکوں منجملہ عراق کے وزیر خارجہ سے ایران کے وزیر خارجہ کی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بات چیت میں حسین امیر عبداللہیان نے فلسطین کی سیکورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس تشکیل دیئے جانے کی ضرورت سے متعلق تجویز پیش کی ہے۔دریں اثنا ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ فلسطینیوں نے صیہونی جارحیت کے جواب میں طوفان الاقصی کاروائی شروع کرکے جرآت و بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ کاروائی مزاحمت کے میدان میں بھرپور جدت عمل کی ترجمان ہے۔
ایران کی انسانی حقوق کمیٹی کے سیکریٹری کاظم غریب آبادی نے بھی کہا ہے کہ تمام عالمی قوانین اور ضابطوں کے تحت فلسطینی عوام کو غاصبانہ قبضے، جارحیت، زیادتیوں اور صیہونی حکومت کی ریاستی دہشت گردی کے مقابلے میں اپنا، اپنے وطن اور مقدسات کے دفاع کا جائز اور قانونی حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے دعویداروں نے اسرائیلی جرائم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور فلسطینوں کے سامنے مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں بچا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے طوفان الاقصی کو فلسطینیوں کی جائز و برحق دفاعی کاروائی قرار دیا ہے۔ ایران کے نمائندہ دفتر نے اس کاروائی کو سات عشروں سے جاری صیہونی حکومت کے ظالمانہ و غاصبانہ قبضے اور مظلوم فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا منھ توڑ جواب قرار دیا ہے۔۔