اسلام آباد(صباح نیوز) گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے کہا ہے کہ میں نے کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی پر صحافی کے سوال پر رانا شمیم نے کہا کہ اگلی سماعت 20 تاریخ کو ہے، اس روز دیکھیں گے۔
صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا کسی لمحے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگیں گے؟ ۔رانا شمیم نے صحافی کو جواب دیا کہ کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔اس موقع پر سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے وکیل لطیف آفریدی نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔
ایک صحافی نے لطیف آفریدی سے سوال کیا کہ اٹارنی جنرل کا الزام ہے کہ آپ کے موکل کو بڑی شخصیت اپنے بیانیے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔لطیف آفریدی نے صحافی کو جواب دیا کہ میں ایک کان سے سنتا ہوں اور دوسرے سے نکال دیتا ہوں، مجھے سمجھ نہیں آیا کون سا بیانیہ ہے۔رانا شمیم کے وکیل لطیف آفریدی نے یہ بھی کہا کہ اٹارنی جنرل کا بیانیہ بڑا کلیئر ہے، وہ اپنی نوکری پکی کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔