خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی انڈر گریجویٹ تعلیمی پالیسی 2023 پر اورینٹیشن سیشن کا انعقاد


 کرک(صباح نیوز)خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک نے حال ہی میں متعارف کرائی گئی ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی انڈر گریجویٹ تعلیمی پالیسی 2023 پر منگل کے روز ایک اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا۔سیشن میں ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمکس محمد رحیم نے بطور ریسورس پرسن خدمات انجام دیں۔ محمد رحیم نے ایچ ای سی کی انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کے اہم اجزا اور مختلف شقوں پر روشنی ڈالی۔

یہ پالیسی پاکستان میں انڈرگریجویٹ تعلیم کی تشکیل نو پر توجہ مرکوز کرتی ہے، جس میں  جنرل کورسز، میجر کورسز، انٹر ڈسپلنری اسٹڈیز، فیلڈ تجربہ/انٹرن شپس، اور BS اسکیم آف اسٹڈیز میں کیپ اسٹون پروجیکٹس کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔نیز مذکورہ پالیسی دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری اورچار سالہ بی ایس ڈگری سے دو سال کی تکمیل پر خروج کی صورت میں ایگزیٹ ڈگری کے مواقع مہیا کرتی ہے ۔سیشن کے دوران، محمد رحیم نے پالیسی کے ہر پہلو پر تفصیلی گفتگوکرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ تبدیلیاں طلبا اور تعلیمی اداروں دونوں کو کس طرح فائدہ پہنچائیں گی۔ اس سیشن کا مقصد خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک میں اس کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے نئی پالیسی کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔

سیشن میںمختلف تعلیمی شعبہ جات کے تمام سربراہان اور فیکلٹی ممبران بشمول کنٹرولر امتحانات اور کوالٹی انہانسمنٹ سیل (QEC) کے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے شرکت کی۔ یونیورسٹی کی فیکلٹی نے اعلیٰ تعلیم کی تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں باخبر رہنے اور طلبا کو اعلی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے اپنی عزم کا اعادہ کیا۔ایچ ای سی انڈر گریجویٹ تعلیمی پالیسی 2023 پاکستان کے اعلی تعلیم کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے، اور اس سے انڈرگریجویٹ تعلیم کے ڈھانچے میں مثبت تبدیلیاں لانے کی توقع ہے۔ خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک عام طور پر اس طرح کی پالیسیاں اپناتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس کے طلبا معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔اس سیشن کی بدولت یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں کو نئی پالیسی کے رہنما خطوط کے ساتھ استوار کیا جا سکے ۔