سری نگر(کے پی آئی) جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی اور نہتے شہریوں کا قتل عام روکنے کے حق میں سری نگر میں زبردست احتجاج کیا گیا۔
پریس کالونی میں عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر احمد شاہ کی سربراہی میں ہونے والے احتجاج میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ۔
اس موقع پر دفعہ370اور35اے کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین نے نے اپنے مطالبات کے حق میں کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرہ بازی کر رہے تھے۔
ان کتبوں پر دفعہ370 کو بحال کرنے کے مطالبات درج تھے ۔
اس موقعہ پر عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر شاہ نے دفعہ370کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مل کر مسئلہ کشمیرحل کرنا چاہئے۔
شا ہ نے بتایا کہ دفعہ370اور35اے کا مسئلہ فی الوقت سپریم کورٹ میں ہے اور انہیں امید ہے کہ جب بھی عدالت عظمی میں اس کی سماعت ہوگی،اس دن فیصلہ جموں کشمیر کے لوگوں کے حق میں ہوگا۔ انہوں نے معصوم شہریوں کی ہلاکتیں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔