کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا وژن بہترین انداز میں معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانا شعبہ نشرواشاعت کی اولین ترجیح ہے۔
مرکزی شعبہ نشرواشاعت کے ساتھ نشست میں گفتگو کے دوران انھوں نے کہا کہ نصب العین کے فروغ کے لئے کام کی نئی جہتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین ابلاغی منصوبہ بندی دعوت کا اہم ترین جزو ہے۔علاوہ ازیں ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور میڈیا کوآرڈینیٹر آمنہ عثمان نے معاشرے کے تیزی سے بدلتے حالات میں نشرواشاعت کے کارکن کے کردار کو اہم ترین قرار دیا۔
بعد ازاں ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور نے میڈیا سے وابستہ کارکنان کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے حالات پر گہری نظر اور ابلاغی میدان میں مہارت پر زور دیا ۔اس موقع پر مرکزی نگران شعبہ نشرواشاعت صائمہ افتخار نے سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی اور شرکا کو میڈیا سے وابستہ خواتین سے روابط کے حوالے سے آگاہی دی ۔نشست میں شعبہ نشرواشاعت کی ٹیم بھی موجود تھی۔