قاضی حسین احمد کی اتحاد بین المسلمین کے لئے کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،دردانہ صدیقی


کراجی (صباح نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی ملکی و بین الاقوامی سطح پر امن عالم اور اتحاد المسلمین کی جدوجہد کی درخشاں مثالیں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں – آپ بے باک اور جرت مند رہنما تھے جو آج بھی لاکھوں ارکان و کارکنان کے دلوں میں بستے ہیں –

ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد  کے یوم وفات کے موقع پر ان کی قدآور شخصیت و مثالی کردار پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ قاضی حسین احمد نے ارکان و کارکنان کی  مثالی تربیت کے لئے اپنی ذات کو بطور نمونہ پیش کیا – ہمیشہ اپنی ذات کو بحثیت امیر جماعت اسلامی احتساب کے کٹہرے میں پیش کیا –

قاضی حسین احمد اہم بین الاقوامی ایشوز پر دیگر اسلامی ممالک میں  وطن عزیز پاکستان کے عوام کی امنگوں اور موقف کے بہترین ترجمان رہے – ان کا کہنا تھا کہ مرحوم قاضی حسین احمد خواتین کے حقوق و فرائض اسلامی چارٹر کے مطابق فراہم کرنے کے  زبردست حامی تھے اور اس حوالے سے قانون سازی کے معاملات میں تاحیات پیش پیش رہے، دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے لئے ان کی خدمات آج بھی ہماری مشعل راہ ہیں – ان کی دی ہو ئی  تربیت اور حکمت عملیوں کی برکات آج بھی اجتماعیت کے اندر محسوس کی جارہی ہیں – اللہ تعالی ان سب کاوشوں کو قاضی حسین احمدکے حق میں صدقہ جاریہ بنا دیں – اور ان کے لگائے ہوئے پودے تن آور درخت بن کرتمام عالم اسلام کے لئے تاحیات شجر سایہ دار رہیں ۔