حکومت مودی کے عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کا مظاہرہ کرے،امیر العظیم

لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مودی حکومت کے عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کا مظاہرہ کیا جائے۔منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کی جارحانہ غنڈہ گردی گجرات سے شروع ہو کر اب کینیڈا جا پہنچی ہے۔ یہ ایک قیمتی موقع ہے کہ مغربی دنیا میں بھارتی عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں، خود بھارت میں مودی حکومت کی جنگجو پالیسی پر بری طرح سے تنقید ہو رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے بلوچستان میں تخریب کاری سے لے کر پاکستان کے مختلف حصوں میں کشمیریوں اور سکھوں کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں جس کا برملا اعتراف خود بھارت میں موجود مودی کے آلہ کار اپنے بیانات اور انٹرویوز میں کر رہے ہیں۔ اس موقع کو ضائع کرنے کے بجائے پاکستان آگے بڑھ کر تمام ثبوت دنیا کے سامنے پیش کرے۔