سرینگر: اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالصمد انقلابی نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی طرف سے کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کے اعادے کا خیرمقدم کیا۔
عبدالصمد انقلابی نے شہباز شریف کے بیان پر خوشی کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے اور ہندوستان نام نہاد قانون سازی اور عدالتی فیصلوں کی آڑ میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے کبھی نہیں بھاگ سکتا۔ عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی حکومت ، عوام اور مسلح افواج کی غیر متزلزل حمایت اور کشمیری عوام کے حق، حق خودارادیت کیلئے ان کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے بیان نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کرنے والے کشمیر کے آزادی پسند عوام کے جذبہ حریت میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ عبدالصممد انقلابی نے کہا کہ کشمیریوں کو پختہ یقین ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، پاکستان انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو زمینی حقائق تسلیم اور کشمیری عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے عوام کو انکا حق خودارادیت دینا چاہیے۔