نیویارک(صباح نیوز)وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بیلا روس، کیوبا کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں،ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے بیلاروسی ہم منصب سرگئی ایلینک سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
انہوں نے جنوری 2023 میں منعقدہ پاکستان بیلاروس مشترکہ اقتصادی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے دوران ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور خاص طور پر اقتصادی شعبے میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا، وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں کیوبا کے ہم منصب برونو روڈریگوز پاریلا سے ملاقات کی۔بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے ملاقات کے دوران دوطرفہ، کثیرالجہتی اور علاقائی امور کی وسیع رینج پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا کے درمیان مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ خیالات کے حامل بہترین تعلقات ہیں۔انہوں نے کثیرالجہتی فورموں بالخصوص اقوام متحدہ، غیر وابستہ مملک کی تحریک اور جی 77اور چین کے درمیان قریبی تعاون کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ نے 2005 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد کیوبا کی طرف سے دی گئی طبی امداد پر پاکستانی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ جیلانی نے 2023 میں جی 77 اور چین کی سربراہی کے دوران کیوبا کے لیے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا اور کیوبا کے وزیر خارجہ کو 15 اور 16 ستمبر کو ہوانا میں منعقدہ جی 77 اور چین کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
دونوں وزراخارجہ نے باہمی دلچسپی کے شعبوں بالخصوص تجارت، بائیو ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا،علاوہ ازیں نگران وزیر خارجہ کی امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے تمام معاملات اور افغانستان میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں اطراف سے افغانستا ن میں پائیدار امن و استحکام حاصل کرنے کے لئے تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا،