تحریک انصاف کی سکروٹنی کمیٹی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے،حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ( ن) کے نائب صدر  اورپنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے ۔

تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کئے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ پچھلے سات سالوں سے فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کو رکوانے کی تگ و دو میں مصروف عمران خان کے کارنامے قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

دوسروں پر من گھڑت الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مستند رپورٹ چوری ، خورد برد اور مشتبہ ذرائع سے فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے۔

اس ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے، قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ فراڈ کروڑوں سے شروع ہوا ہے اور اربوں روپے تک جائے گا، تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔

تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے، فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکائونٹس چھپائے۔