عمران خان ملک و ملت کیلئے مہنگا برانڈ ثابت ہوئے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک و ملت کے لیے بہت مہنگا برانڈ ثابت ہوئے ۔ وکلا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اعلیٰ عدالتوں میں ججوں کی تقرری میرٹ پر اور اعتراضات، شکوک و شبہات سے پاک ہو، بنچ اور بار کا باہمی اعتماد و احترام انصاف کی فراہمی کے لیے ضروری ہے۔ خاتون جج کا حق ہے تو ضرور تقرر ہو لیکن میرٹ پامال کرکے عورت کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔

عدلیہ کی آزادی اور عوام الناس میں اعتماد و احترام انصاف کا بول بولا کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں پر فردِ جرم عائد کرنے کا عمل خود عدلیہ کے لیے کئی سوالات کھڑے کررہا ہے۔ ایسا معاملہ جو حقیقت ہو اور تسلیم بھی ہوچکا ہو، اس پر اشاعت کے حوالے سے فردِ جرم عائد کرنا انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتا۔ اِس معاملہ میں اخبارات، میڈیا، صحافی ذمہ دار نہیں،صحافتی تنظیموں، انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اِس مقدمہ میں صحافیوں کے لیے نرمی برتنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ عدلیہ سے اپیل ہے کہ یہ درخواست تسلیم کرلی جائے تاکہ کمزور مقدمہ کی بنیاد پر پنڈورا باکس نہ کھلے۔نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عمران خان ملک و ملت کے لیے بہت مہنگا برانڈ ثابت ہوئے ہیں، پی ٹی آئی حکومت میں عام آدمی، غریب سفید پوش طبقہ کے لیے مہنگائی، افراطِ زر تباہی و بربادی بن گیا ہے۔ عمران خان کی تقاریر اور عمل و حکومتی کارکردگی میں زمین و آسمان، دِن اور رات کا فرق ہے۔

تقریروں میں خوشنما اور ہوشربا دعوے کرتے ہیں، عملًا صفر پرآئوٹ ہوجاتے ہیں۔ مہنگائی،بے روزگاری، رشوت اور کرپشن کے چھکے چوکے لگ رہے ہیں، ملک کو سیاسی، آئینی، اقتصادی اور نظریاتی بحرانوں سے نکالنے کے لیے قومی قیادت کو ضد، انا، مفادات ترک کرکے ملک اور عوام کے مستقبل کو سنبھالنا چاہئے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ سخت ترین، تباہ کن شرائط اندرونی انتشار اور کمزور حکومت کی وجہ سے مسلط ہوگئی ہیں۔ عوام اور قومی وجود کے لیے ہولناک اقتصادی بوجھ ناقابلِ برداشت ہے۔