مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے پیش نظر ایک بار پھر رات کا کرفیو نافذ


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس  کے پیش نظر ایک بار پھر رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ، جموں میں محکمہ صحت کے ملازمین کی  چھٹیاں منسوخ کر دی گئی  ہیں ۔۔ تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیر میں رات نو بجے سے صبح کے 6 بجے تک کرفیو نافذ  کر دیا گیا ہے ۔

چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  جموں وکشمیرمیں کووِڈ۔19کے پھیلائو کے پیش نظر شبانہ کرفیو کا نفاذ عمل میں لانے کیلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں رات کے نو بجے سے صبح کے چھ بجے تک کسی طرح کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔جموں و کشمیر میں 6ماہ بعد کرونا وائرس سے روزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 20مسافروں سمیت 418افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس طرح  کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 42ہزار 419ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 27جون 2021کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 415تھی۔