قصور،بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے3 افراد جاں بحق،6زخمی


قصور(صباح نیوز)قصور میں بارش کے باعث چھتیں گرنے کے دو واقعات میں ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر قصور اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے دو سالہ ملائیکہ، چھ ماہ کے احمد کی نعشیں ملبہ سے نکال ہسپتال منتقل کر دیں جبکہ زخمی ہونے والی خاتون اور تین بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھر مصطفے آباد میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر تمام زخمیوں اور نعشوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، تمام پیرا میڈیکل سٹاف طلب کر لیا گیا ۔