مخالفین سن لیں مارچ کے بعد اپریل ہوگا اور کچھ نہیں،چوہدری محمد سرور


لاہور(صباح نیوز)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ مخالفین سن لیں مارچ کے بعد اپریل ہوگا اور کچھ نہیں،الیکشن 2023 میں ہی ہونگے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے ملاقات کی جس میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کہ مخالفین سن لیں مارچ کے بعد اپریل ہوگا اور کچھ نہیں، مارچ 2021 گزر چکا، مارچ 2022 اور مارچ 2023 بھی گزر جائے گا، اپوزیشن صبر کرے، الیکشن 2023 میں ہی ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیراعظم عمران خان دونوں آئینی مدت پوری کریں گے، ملک بھر پہلی بار یکساں ترقی پر کام ہو رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، وہ ملک و قوم کی ترقی چاہتے ہیں، انصاف صحت کارڈ تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی منصوبہ ہے۔

گلگت بلتستان کے گورنر راجہ جلال حسین مقپون نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گلگت بلتستان کے عوام بھی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کا مشن صرف اور صرف عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے۔