پاکستان، خلیج تعاون کونسل تجارتی تعاون کو جلد حتمی شکل دی جائیگی،وزیرخارجہ


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل میں تجارتی تعاون کے امور کو جلد حتمی شکل دیدی جائے گی۔

آج اسلام آباد میں جی سی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نائف فلاح مبارک الحجرف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان معاشی اشتراک میں اضافے کا خواہشمند ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا انہوں نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی جی سی سی کے جنرل سیکرٹری کے ساتھ اٹھایا ہے انہوں نے کہاکہ افغانستان کی صورتحال سے بھی جنرل سیکرٹری کو آگاہ کیاگیا۔اس سے قبل وفود کی سطح پرملاقات میں فریقین نے پاکستان اورخلیج تعاون کونسل کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاو ن کے لئے نئی جہتیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور افغانستان میں حالیہ انسانی بحران کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے سٹرٹیجک ڈائیلاگ دو ہزار بائیس سے چھبیس تک کے مشترکہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا جس کا مقصد سیکورٹی تجارت سرمایہ کاری  زراعت اور تحفظ خوراک توانائی  ماحول صحت تمدن اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان باہمی تعاو ن کو مزید بڑھانا ہے۔