پشاور/اسلام آباد(صباح نیوز) اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ چشم کشا ہے، عمران خان نے الیکشن کمیشن سے 53اکائونٹس کو چھپایا، وقت نے ثابت کر دیا عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہیں، عمران خان کا ملک و قوم کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں۔
پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قوم کو بتایا جائے مغرب و مشرق کے کن افراد اور کن تنظیموں نے پی ٹی آئی کو مالی مدد دیکر کون کون سے مقاصد حاصل کئے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فنڈنگ میں خوردبرد کے اشارے بھی انتہائی خطرناک رجحانات ہیں، ان اکاؤنٹس میں بیرون ممالک سے کئی مشتبہ اداروں اور افراد کی فنڈنگ آئی، عمران خان مالی مدد دینے والی غیر ملکی قوتوں کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، مقدمہ کو نمٹانے میں تاخیر نے پہلے ہی کئی شبہات پیدا کیے، تحقیق سے ثابت ہوا اکبر ایس بابر کے الزامات درست تھے، ہم اکبر ایس بابر کی حب الوطنی اور ثابت قدمی کے معترف ہیں، انہوں نے ملک سے وفاداری اور پی ٹی آئی کارکنوں کی درست رہنمائی کا فریضہ ادا کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وقت نے ثابت کر دیا عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہیں، عمران خان کا ملک و قوم کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں، عمران خان کا دور قوم کے مستقبل پر تباہ کن اثرات ڈال گیا، ملکی اداروں کو بھی قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر سنجیدگی سے سوچنا چاہئے، قوم کو بتایا جائے کن افراد اور تنظیموں نے مالی مدد دیکر کیا مقاصد حاصل کئے۔
ثابت ہوگیا عمران خان کا پورا ٹبر چور ہے، مولانا فضل الرحمان
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف بے نقاب ہو گئی ہے، ثابت ہوگیا عمران خان کا پورا ٹبر چور ہے،تمام سیاستدانوں کی کرپشن اکٹھے کر کے اکیلے عمران خان کے برابر نہیں ہوسکتی۔
پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کو خوش آمدید کہا ہے، سندھ بلدیاتی نظام پر گفتگو کی ہے، سندھ اور کے پی کے میں ایسی قانون سازی ہورہی ہے جس میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات کم کئے جارہے ہیں، مصطفی کمال کے موقف میں وزن ہے، قانون سازی آئین کے مطابق ہو نی چاہئے،
اس پر مزید مشاورت جاری رہے گی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف بے نقاب ہو گئی ہے، سارے سیاستدانوں کی کرپشن اکٹھے کر کے اکیلے عمران خان کے برابر نہیں ہوسکتی، ثابت ہوگیا اسے نااہل طریقے سے لایا گیا، ثابت ہوگیا عمران خان کا پورا ٹبر چور ہے، ثابت ہوگیا اس کے پیچھے بین الاقوامی لابی ہے۔
اس موقع پر مصطفی کمال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا سیاست میں بڑا مقام ہے، پاک سر زمین پارٹی کی طرف سے مولانا کو کے پی کے میں کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، ملک کسی کے اشارے اور ایما پر نہیں آئین پر چلنا چاہئے، وزرائے اعلی اٹھارہویں ترمیم میں وفاق سے لئے اختیارات بلدیات کو منتقل نہیں کر رہے، نوجوان مایوس ہو رہے، کراچی میں نوجوان خود کشیاں کررہے ہیں۔