برسلز:چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرے اورخاص طور پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل در آمد کروائے۔ انہوں نے کہا کہ کہاہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت سے ہرگز دستبردار نہیں ہوںگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ جنوری یوم حق خودارادیت کے حوالے سے برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کی کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یاد رہے کہ پانچ جنوری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں پورے جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے کے لیے کہاگیا تھاتاکہ کشمیری اقوام متحدہ کی زیرنگرانی اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔ کشمیر کے دونوں اطراف کے لوگ اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم کشمیری اس دن کو ہرسال یوم حق خودارادیت کے طور پر مناتے ہیں اور اس دوران کانفرنسیں، سیمینار اور جلوس برپا کرکے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔
علی رضا سید نے کہاکہ اقوام متحدہ کی پانچ جنوری کی قرارداد نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ایک بنیاد فراہم کی ہے لیکن بھارت کے متعصبانہ اور منفی رویے کی وجہ سے اس قرارداد پراب تک عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھی اپنی قرارداد پر عمل درآمد نہیں کرواسکی۔ اگست کو جموں و کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کے فارمولے کے تحت آزادی ملنی تھی لیکن بھارت نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر زبردستی قبضہ جمالیا۔ یہ علاقہ اب تک بھارت کے زیرقبضہ ہے اور بھارت کی مرکزی حکومت نے اگست میں اس علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے اپنے براہ راست کنٹرول میں لے لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے ساتھ وابستہ ہے۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، اس وقت تک برصغیر میں امن و خوشحالی نہیں آسکتی۔
بھارت کی تمام کاروائیاں بشمول مسلسل بھارتی تسلط، ریاستی دہشت گردی، جبری گمشدگی، بے گناہ لوگوں کا قتل عام، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا اور ڈومیسائل قوانین میں ردبدل کرنا غیرقانونی ہیں ۔علی رضا سید نے مطالبہ کیا کہ بھارت جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ ختم کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے خبردار کیاکہ اگر مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے حل نہیں ہوتا تو پھر جوہری جنگ کے خطرات موجود ہیں کیونکہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی طاقت کے حامل ممالک ہیں۔بھارت سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے اور بھارتی افواج کو کشمیریوں پر مظالم کی کھلی چھوٹ ہے اور بھارتی سیکورٹی فورسز کو لامحدود اختیار حاصل ہیں تاکہ وہ کشمیریوں کی جائز تحریک کو دبا سکیں۔
علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرے اورخاص طور پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل در آمد کروائے۔