24ستمبر دھرنے میں تاجر برادری ،علمائے کرام ،نوجوان سمیت ہر طبقہ فکر کوشرکت کی دعوت دیں گے، مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بجلی ،پٹرول ،گیس ،ادویات کی قیمتوںمیں ناروااضافے کے خلاف 24ستمبراحتجاجی دھرنا وقت کی اہم ضرورت اور مسائل کے حل کی راہ ہے جماعت اسلامی پرامن دینی جمہوری پارٹی ہے ۔قوم ساتھ دیگی تو لوٹ مار ،قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کم ہوگی ۔24ستمبر دھرنے میں تاجر برادری ،علمائے کرام ،نوجوان سمیت ہر طبقہ فکر کوشرکت کی دعوت دیں گے قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی،بدعنوانی سے قوم کو جماعت اسلامی نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اسٹبلشمنٹ،لٹیروں سیاست دانوں ،ججزوجرنیل سمیت مفت خوروں ،مراعات یافتہ طبقات،اوربڑی بھاری تنخواہیں لینے والوں پر مفت بجلی ،مفت گیس ،مفت گھر،مفت تعلیم ،مفت علاج بند کرنے کے بجائے بجلی ،گیس مہنگی کی جارہی ہے ۔مقتدرقوتوں،اسٹبلشمنٹ کی طرح پی ڈی ایم وپی ٹی آئی بھی قوم کے مجرم ہیں اسٹبلشمنٹ ، پی پی پی ،مسلم لیگ ،پی ڈی ایم جماعتیں اور پی ٹی آئی نے ملک دیوالیہ کر دیا ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عوام مہنگائی بے روزگار اور غربت کی وجہ سے بھوکے مر رہے ہیں لیکن حکمرانوں سمیت کسی کو احساس تک نہیں۔آمدنی ،بے روزگاری کم جبکہ مہنگائی کی وجہ سے ہر چیز کی قیمت دوگنی ہوگئی ۔ڈالر کی اُڑان ،بدترین مہنگائی ،ملک کو بھاری سودی قرضوں میں ڈوبتادیکھ کر کسی کو کوئی فکر نہیں ۔ریاست بچانے والے بھی لوٹ مار میں مصروف ہیں احتساب کے ادارے بند ،لوٹ مار جاری ہے ۔پاکستان میں مقتدر طاقت ورطبقات نے عوامی مشکلات ،بدعنوانی میںا ضافہ کر دیا ہے۔ عوام دشمن مفت خوروں کے خلاف عوامی قوت وتائید سے ہماری عوامی جدوجہد جاری رہے گی ۔قوم نے جس طرح شٹرڈائون ہڑتال میں ساتھ دیا انشاء اللہ اسی طرح احتجاجی دھرنے کو کامیاب بناکر غریب عوام کومہنگائی کے بم برسانے والوں کو ناکام بنائیں گے۔نگران حکومت بجلی گیس وادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے لوٹ ہوئی دولت برآمد ،اشرافیہ وسول اور فوجی آفیسروں ،ججزوجرنیلزکے مفت بجلی ،مفت گیس ،مفت علاج،مفت سفروبھاری مراعات ختم کیے جائیں لٹیروں کے گھروں کی پانی ٹینکیوں الماریوں سے کروڑوں لوٹ مار کی رقم برآمد ہورہی ہے مگر اس سے نہ قومی دولت میں اضافہ ہوررہا ہے نہ عوام کو ریلیف مل رہا ۔بدقسمتی سے ہر طرف لوٹ مار ،بدعنوانی ،کرپشن وکمیشن کا دوردورہ اورمافیازکا راج ہے جماعت اسلامی ان مظالم ولوٹ مار کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کرکے عوامی جدوجہد تیز کریگی ۔بجلی بلوں اورمہنگائی میں اضافہ ،لٹیروں کی لوٹ مار کے خلاف 24ستمبرگورنر ہائوس کوئٹہ میں ہونے والے احتجاجی دھرنے میں شہریوں وعوام،تاجروں علمائے کرام اور نوجوانوں سمیت سب کو شریک کرنے کیلئے ذمہ داران رابطہ عوام مہم چلائیں