عالمی یوم حجاب،جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا بجلی بلوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام صوبائی ناظمہ شازیہ عبداللہ کی قیادت میں عالمی یوم حجاب کے موقع پر بجلی بلوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوا احتجاجی مظاہرے میں خواتین نے بینرز اوکتبے ٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ حیا اور حجاب اسلام کے نظام عفت و عصمت کا نام ہے،حیاوحجاب کی تہذیب پورے معاشرے کا احاطہ کرتی ہے۔حجاب آزادی اور پاکیزگی کی توانا علامت،احتجاجی مظاہرے میں باپردہ خواتین وطالبات نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ،کوئٹہ کے امیر حافظ نورعلی صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر نے کہاکہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق پر شورکرنے والی این جی اوز مسلم خواتین کے حجاب کے معاملے میں جابنداری ترک کریں۔عورت کا اصل مقام و مرتبہ حیا اور حجاب میں ہے۔قومیں معاشی بدحالی سے نہیں بلکہ اخلاقی پستی سے تباہ ہوتی ہیں۔دنیا حجاب کی مخالفت کے بجائے اس کی افادیت کو محسوس کرے اور مسلمان خواتین کو حجاب اختیار کرنے کا بنیادی انسانی حق دے۔اشتہارات اور ڈراموں میں عورت کا استحصال بند کیا جائے اور خواتین کی عزت اور احترام کی ترغیب و ترویج کی جائے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائی ہے اور خواتین کی عزت و وقار کو برقرار رکھنے کے لیے جدو جہد کر رہی ہے ۔آج لمحہ فکریہ ہے کہ معاشرے میں ایسی نسل پروان چڑھ رہی ہے جس کے اندر اخلاق و کردارکمی ہے ، ہمیں اس کمی کو دور کرنا ہوگا اور اس حوالے سے خواتین کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہوں گی۔

جماعت اسلامی نے بجلی بلوں ،ادویات ،گیس وپٹرول قیموں اورمہنگائی میں اضافے کے خلاف تحریک شروع کر دیا ہے ملک گیر کامیاب شٹرڈائون ہڑتال کے بعد عوامی قوت وتائید سے لٹیروں ،نااہل ناکام حکمرانوں ،مفت خوروں ،چوروں کے خلاف جدوجہد تیز کریں گے عوام کے طاقت کے سامنے کوئی نہیں ٹھر سکتا۔حکمران اور ملک کے واک واختیار پر قابض ٹولہ اشرافیہ،حکمرانوں پر مفت بجلی مفت گیس مفت پٹرول مفت علاج مفت گھر مفت تعلیم بند کردیں اورلٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت برآمد کریں مہنگائی وقرضے خود بخود ختم ہوں گے۔مہنگائی سے بلوچستان اورملک بھر کی خواتین مائیں بہنیں بھی بہت زیادہ پریشان ہیں غربت بے روزگاری کی وجہ سے کیچن کا خرچہ بھی برداشت سے باہر ہوگیا ہے۔قوم حقو ق کے حصول ،مہنگائی وبدعنوانی کے خاتمے کیلئے متحدوبیدارہوئی تو مسائل ہر صورت حل ہوں گے بصورت دیگر مفت خوروں کی شاہ خرچیوں مراعات اور مہنگائی میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہوگا