مہنگائی سمیت ملکی مسائل کا واحد حل اسلامی نظام و دیانتدار قیادت ہے،میاں محمد اسلم


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ منی بجٹ و پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر بجلی بن گرا ہے،مہنگائی سمیت ملکی مسائل کا واحد حل اسلامی نظام و دیانتدار قیادت ہے، منی بجٹ ، ایف اے ٹی ایف ، آرمی چیف کی  مدت میں توسیع تک حکو مت اور اپوزیشن سب ایک پیج پر ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط پر منی بجٹ میں 350پچاس ارب روپے کے نئے ٹیکس عائد کرنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے، آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالرز کی قسط حاصل کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کی خودمختاری اور شیر خوار بچوں کے زیراستعمال اشیاء پر بھی ٹیکس عائد کرکے موجودہ حکمرانوں نے یزیدی لشکر کو بھی شرمادیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لوہی بھیر میںکارکنان کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع ملک عبد العزیز ، جماعت اسلامی یو تھ ونگ کے صدر ملک سفیان نے بھی خطاب کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا چار سال ہونے کو ہیں لیکن موجودہ حکومت اپنا ایک بھی وعدہ وفا کرنے کی بجائے مہنگائی، رکارڈ بیرونی قرضوں اور آٹا،چینی، پیٹرول مافیاز کے ذریعے سے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، عمران خان عوام پر رحم کریں اور استعفیٰ دیکر گھر چلے جائیں، نااہل اور نالائق حکمران اب ملک کیلئے سیکورٹی رسک بن چکے، انھوں نے کہاحکمرانوں نے ملک کو گروی اور قوم کو بیچ دیا ہے، تین سالہ دور حکومت میں ایک کروڑ نوکریوں، پچاس لاکھ گھر دینے کی بجائے لاکھوں لوگوں کو بیروزگار اور ہزاروں گھر مسمار کردیئے گئے، کورونا وبا اور مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کا جینا دوبھر ہوچکا ہے،، یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ، ادویات مہنگی ہونے سے آج ملک میں دس کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں اب موجودہ حکومت سے کسی بھی قسم کی ریلیف کی تمام تر امیدیں دم توڑچکی ہیں۔