عالمی برادری کشمیریوں کوحق خودارادیت دلانے کیلئے ہندوستان پر دباؤ بڑھائے، ڈاکٹر خالد محمود


مظفرآباد،اسلام آباد( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیری4نسلیں آزادی کے لیے قربان کر چکے ہندوستان کے ریاستی جبر و تشدد کے باوجود 74سال سے استقامت کے ساتھ اپنے مبنی برحق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں نے ایک لمحے کے لیے بھی ہندوستان کے قبضے کو تسلیم نہیں کیا اسلام،پاکستان اور آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے بیا ن میں کیا ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے پیدائشی حق حق خودارادیت کی یقینی فراہمی کے لیے ہندوستان پر دبائو بڑھانا چاہیے عالمی برادری نے جموں وکشمیر کے عوام کو غیر جانبدارنہ استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت کی ضمانت دی تھی کشمیریوں نے عالمی برادری کی ضمانت پر ہتھیار رکھے تھے ڈالے نہیں تھے74سال سے کشمیری استقامت کے ساتھ آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں، جدوجہد آزادی میں کشمیریوں نے پی ایچ ڈی سکالر،پروفیسرز،انجینئرز،ڈاکٹر قربان کیے انہیں آزادی کی منزل سے کوئی دور نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہاکہ یوم حق خودارادیت کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری بین الاقوامی برادری کو اپنا وعدہ یاد دلائیں انسانی حقوق کے اداروں کو یاداشتیں پیش کی جائیں قابض ہندوستانی افواج کے ہاتھوں عفت مآب خواتین بچوں سمیت معصوم کشمیری کی زندگیاں محفوظ نہیں ہیں قائدین حریت پابند سلاسل ہیں ریاست جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کا عمل تیزی سے جاری جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے دنیا اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے ،اقوا م متحدہ،او آئی سی،یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں طویل لاک ڈائون کو ختم کرانے اور انہیں حق خودارادیت کا موقع فراہم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے انہوں نے کہاکہ آج کے دن پوری ملت اسلامیہ جموں وکشمیر تجدید عہد کرے کہ وحدت کشمیر اور حق خودارادیت پر ہم کوئی کمپرئومائز نہیں کریں گے ۔