2ستمبر کی ہڑتال چوبیس کروڑعوام کی ہڑتال لٹیروں کی لوٹ مار کے خلاف ہے ، مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ2ستمبرکی ہڑتال چوبیس کروڑعوام کا ہڑتال لٹیروں کی لوٹ مار کے خلاف ہے وکلاء تاجر دکاندار ٹرانسپورٹرزسمیت ہر طبقہ فکرکو بجلی قیمتوں میں ناروااضافے اور مہنگائی کے خلاف 2ستمبر ہڑتال کوکامیاب بناناچاہیے یہ ملک گیر ہڑتال کامیاب ہوگی تو حکمرانوں کے مہنگائی کرنے کی اسپیڈ اوران کے مفت بجلی مفت گیس، مفت بڑے بڑے عالیشان محلات شاہ خرچیوں لاکھوں کی تنخواہوں میں کمی آئیگی ۔قوم متحد ہوکر حقو ق کے حصول اورظلم وجبر کے خلاف جدوجہد تیز کریں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے ہمراہ 2ستمبر ہڑتال کی کامیابی،تائید وحمایت حاصل کرنے کی غرض سے ہائی کورٹ ،سیشن کورٹ ،سول کورٹ میں وکلاء رہنماؤں بلوچستان بارکونسل بلوچستان بار ایسوسی ایشن ،سپریم کورٹ بارممبرزافضل حریفال صدربلوچستان بارایسوسی ایشن ،عابدخان کاکڑایڈوکیٹ صدرکوئٹہ بار ایسوسی ایشن ،راحب بلیدی ایڈوکیٹ ممبر بلوچستان بار،علی احمدکردایڈوکیٹ سابق صدر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن ،نجم الدین مینگل ایڈوکیٹ،محمدایوب ترین ایڈوکیٹ ،میر عطاء اللہ لانگوایڈوکیٹ ،سلیم لاشاری ایڈوکیٹ سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگومیں کیا ۔ وفد میں امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی ،سردارشیر دل خان ایڈوکیٹ ،پروفیسر سلطان محمدکاکڑ،اسامہ ہاشمی،محکم الدین قاضی ودیگر ذمہ داران شامل تھے۔اس موقع پر وکلاء قائدین ورہنمائوں نے 2ستمبر ملک گیر ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی بلخصوص بجلی وگیس اور ادویات کی قیمتوں میں بدترین اضافہ سے ہر فرد متاثرہے ہم جماعت اسلامی کی بجلی ،گیس وادویات کی قیمتوں میں اضافے کی خلاف جدوجہد کی بھر پور حمایت کرتے ہیں وکلاء برادری سب ان کیساتھ ہے قوم متحد ہوگی توانصاف ،ریلیف اور آسانی میسرآئیگی ۔پوری قوم کو 2ستمبر ہفتہ کو دکانیں وکاروبار بند رکھنی چاہیے ۔

اس موقع پر مولانا عبدالحق ہاشمی نے وکلاء برادری کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ حکمران طبقہ قرضوں ،مہنگائی میں روزبروزاضافہ کررہے ہیں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیاجارہا نہ حکومتی سطح پر کوئی سادگی قناعت اخراجات ،مراعات وتنخواہوں میں کمی کا ارادہ رکھتے ہیں حکمرانوں کو لوٹی ہوئی دولت ، بنکوں سے لیے گیے قرضے واپس کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہیے ۔حکمرانوں واشرافیہ کی لاکھوں کی تنخواہیں، آفیسرشاہی کی بجلی مفت ،گیس مفت ،بڑے بڑے عالیشان مکانات مفت ودیگرمفت مراعات فی الفورختم کرنا چاہیے ۔ہزاروں لاکھوں اشرافیہ مراعات یافتہ طبقات ،مقتدرقوتیں بیوروکریسی ودیگر افرادکو تین تین چارچار ہزاریونٹس ماہانہ مفت بجلی دی جارہی ہے حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے بجائے یہ مفت بجلی ختم کرنی چاہیے تاکہ غریب عوام کو ریلیف ملیں آئی ایم ایف جس طرح پاکستان دشمن ادارہ ہے یہ ملک کے غریب عوام کا بھی دشمن ہے کبھی بھی مراعات یافتہ افسرشاہی بیوروکریسی مفت خوروں کی مفت بجلی گیس ومراعات کم کرنے کی بات نہیں کی ہمیشہ آئی ایم ایف کا ٹارگٹ ملک کے غریب عوام ہوتے ہیں ۔بدقسمتی سے ہمارے حکمران ہمارے دشمن بنے ہوئے ہیں سب کچھ آئی ایم ایف کے ہاتھ دیکر اپنی مراعات وتنخواہوں میں اضافہ کردیا اشرافیہ حکمرانوں مقتدر قوتوں کو عوام کی فکر نہیں سب اپنی اپنی تجوریاں بھر نے میں مصروف ہیں عوام الناس وکلاء برادری تاجر تنظیمیں دو ستمبر ہڑتال کو کامیاب بناکرلٹیروں کے خلاف جدوجہدکامیاب بنائیں