مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک دنیا کا امن خطرے میں ہے،ڈاکٹر خالد محمود خان


راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کیے ہوئے وعدے کوایفا کرے ،عالمی برادری کی مداخلت پر کشمیریوں نے ہتھیار رکھے تھے ڈالے نہیں تھے اگر مہذب دنیانے اپنا مطلوبہ کردار ادا نہ کیا تو پوری دنیا کا امن تباہ ہو گا،اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت فراہم کرانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے،مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک دنیا کا امن خطرے میں ہے ،اقوام عالم کی بے حسی کے باعث ہندوستان اہل کشمیر پر مظالم کی انتہا کررہا ہے جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کو ہدف بناکر شہید کیا جارہا ہے دنیا خاموشی کا روز ہ توڑے ،5جنوری کو پوری دنیا میں یوم حق خودارادیت منایا جائے گا

ان خیالات کااظہار انہوں نے تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں 4ایٹمی قوتیں موجود ہیں اور ہندوستان بارود کے ڈھیر پر بیٹھ کر آگ سلگھا رہا ہے عالمی برادری نے مداخلت کر کے مسئلہ کو حل نہ کروایا تو پوری دنیا کا امن تباہ ہو گا کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کی روشنی میں اپنے پیدائشی حق،حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں حکومت پاکستان کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے سفارتی سطح پر سفارتی مہم تیز کرے،مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم دنیا کے سامنے آشکار کرے عالمی برادری کی خاموشی سے شہ پا کر ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے ریاست کے مسلم تشخص کو اقلیت میں بدلنے کے لیے غیر ریاستی انتہا پسند ہندوؤں کی اسرائیل طرز کی کالونیاں بسائی جارہی ہیں،طویل لاک ڈاؤن کے ذریعے ریاست جموں وکشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کردیا ہے عالمی برادری نے اپنا مطلوبہ کردار ادا نہ کیا تو دونوں ایٹمی قوتوں کے ساتھ جنگ ہو گی جس سے پوری دنیا کا امن تباہ ہو جائے گا ۔