کوئٹہ (صباح نیوز)نیب بلوچستان نے بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے تعاون سے نیب افسران کے لئے 2 روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد نیب افسران کو سرکاری سازو سامان کی خریداری سے متعلق قوانین اور قواعد و ضوابط سے آگاہ کرنا تھا۔
ڈائریکٹر بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ اتھارٹی جناب عبدالحمید بزدار، پروکیورمنٹ ماہرین مبشر علی خان، محمد لئیق طارق اور دیگر ریسورس پرسنز نے پروکیورمنٹ کے عمل کے بارے میں لیکچرز دیئے۔ ورکشاپ کے دوران نیب افسران کو پروکیورمنٹ پراسیس کو کنٹرول کرنے والے قانونی فریم ورک کے بارے میں جامع رہنمائی فراہم کی گئی۔ انہیں مختلف قوانین، پالیسیوں اور طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن پر عمل درآمد کر کے دورِ حاضر کے عین مطابق دیانتداری اور احتساب کو برقرار رکھا جا سکے ۔ اس انٹرایکٹو ورکشاپ نے افسران کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا تاکہ نیب افسران خریداری کے قواعد و ضوابط کی اہمیت کے بارے میں گہرائی سے معلومات حاصل کر سکیں۔
ان ضوابط کو سمجھ کر، افسران خریداری کے عمل کی پیچیدگیوں سے مثر طریقے سے گزر سکتے ہیں اور باخبر فیصلے کر سکتے ہیں جو قانونی تقاضوں کے مطابق ہوں۔ڈی جی نیب بلوچستان ظفر اقبال خان کی جانب سے ڈائریکٹر (A&P) جناب خاور الیاس نے پیپرا کی کاوشوں کو سراہا اور اس طرح کے مزید سیشنز کے لیے تعاون بڑھانے کا طریقہ کار وضع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے وزٹنگ فیکلٹی کے ساتھ خریداری کے عمل کے مختلف پہلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔