کوئٹہ (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ نگرانوں کودعوے اعلانات نہیں عملی کام کرنا چاہیے بروقت صاف شفاف الیکشن ہی مسائل کے حل کی راہ متعین کر سکتی ہے۔غیر آئینی اقدامات نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،غیر جانبدار ،اہل وایماندار لوگ ہی صاف شفاف الیکشن کرواسکتے ہیں۔ملک کے مسائل کی ذمہ دار اسٹلشمنٹ ،پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم جماعتیں ہیں۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی قوم کو مسائل کے گرداب سے نکال سکتی ہے عوام الیکشن میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ایک طرف مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان ہے اور دوسری جانب ظلم اور بدامنی ہے۔ نگران حکومت نے آتے ہی پٹرول کی قیمت میں20 روپے لٹر اضافہ کرکے سابقہ نااہل ،ناکام حکومت کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کر دیا گزشتہ چند ماہ میں بجلی قیمت میں72 فیصد اضافہ ہوا، یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا اور دیگر اشیائے خورونوش پر سبسڈی ختم کردی گئی، ہمیں بتایا جاتا ہے کہ آئی ایم ایف کی مجبوری ہے، قوم کو بتایا جائے کہ کیا آئی ایم ایف ملک کا حکمران ہے؟ اگر ایسا ہے تو اس کے کسی ڈائریکٹر کی منت سماجت کرلیتے ہیں اور اسے بتا دیتے ہیں کہ اب اس ملک کے عوام کے پاس سوائے اپنی جان کے اور کچھ دینے کو نہیں ہے، حالت یہ ہے کہ عوام کی سانسوں پر ٹیکس کے علاوہ باقی ہر چیز پر ٹیکسز ہیں اور دوسری جانب مراعات یافتہ طبقہ کی مراعات کم نہیں ہورہیں، ملک قرضوں پر چلتا ہے اور حکمران سرکاری محلات میں مفت بجلی، گیس، پٹرول، پروٹوکول کے مزے لیتے ہیں، گورنز ہاوسز ایکڑوں اور میلوں میں پھیلے ہوئے ہیں اور وائٹ ہاوس سے بھی کئی گنا بڑے ہیں، بیوروکریسی محلات میں مقیم ہے ، غریب فٹ پاتھوں پر سوتے ہیں، فاقوں سے مررہے ہیں۔
ملک پر مسلط ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے اپنی نسلوں کے لیے دولت اکٹھی کرلی، قوم کے بچوں کا مستقبل تاریک کردیا عوام کو صاف شفاف طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے موقع دیا جائے، استحکام کی صرف یہی ایک صورت ہے ملک کا مسئلہ قانون اور انصاف کی حکمرانی کا نہ ہونا ہے، خاندانوں اور افراد کی حکمرانی نے تباہی پھیلائی۔ ملک کو قرضوں کی ضرورت نہیں، کرپشن، مس مینیجمنٹ، وسائل پر دو فیصد اشرافیہ کا قبضہ ختم کرنا ہوگا، اس کے لیے اہل اور ایماندار قیادت درکار ہے،جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کی ایمانداری، اہلیت اور خدمت پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتاملک میں خاندانوں کی نہیں جمہورکی حکمرانی قائم کرنا ہوگی جماعت اسلامی قوم کو مسائل کے گرداب سے نکالیگی