سی پیک سے استفادہ کا پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے،لیاقت بلوچ

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی، قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سی پیک سے استفادہ کا پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے۔ لیاقت بلوچ نے لاہور میں بلوچستان سے جماعتِ اسلامی کے سینئر رہنماؤں مولانا عبدالحق ہاشمی، مولانا ہدایت الرحمن بشیر ماندائی، زاہد اختر بلوچ، مولانا عبدالکبیر شاکر کے ساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا۔

اِس موقع پر نائب امیرِ جماعت راشد نسیم بھی موجود تھے۔ بلوچستان سے جماعت، اسلامی کے رہنمائوؤں نے آگاہ کیا کہ انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات میں ووٹرز اور موثر افراد سے رابطوں کی صوبہ بھر میں مہم جاری ہے۔ بلوچستان میں جماعتِ اسلامی ترازو نشان پر عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ بلوچستان میں برس ہا برس سے اقتدار میں آنے والی پارٹیوں، قیادتوں، سرداروں، نوابوں، خانوں اور وڈیروں کے پروردہ نام نہاد سیاسی عناصر نے بلوچستان میں کرپشن، بدانتظامی اور عوام دشمنی کے پہاڑ کھڑے کردیئے ہیں، بلوچستان کے عوام مسیحا کی تلاش میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی بلوچستان کے عوام کو بیدار، متحرک اور منظم کرکے عوام کو حقوق دلائے گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا، جغرافیائی اور قدرتی وسائل سے مالا مال بہت اہم صوبہ ہے، 76 سال سے بلوچستان پر مسلط فوجی اور اقتدار مافیا ادوار نے عوام پر تباہی مسلط کردی ۔ گوادر مکران میں ”حق دو تحریک”نے عوام میں شعور، امید اور نیا حوصلہ پیدا کیا ہے۔ بلوچستان کو کرپشن سے نجات دلانا ہوگی اور انسانی بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک)سے استفادہ کا پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے۔ بلوچستان کے بلدیاتی اداروں کو صوبائی حکومت کام کرنے دے ،ترقیاتی فنڈز مہیا کرے،گوادر کے ماہی گیروں کا تحفظ کیا جائے؛ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور باعزت زندگی کا حق لازما ًدینا ہوگا۔ لاپتہ افراد کی بازیابی حکومت اور ریاستی اداروں کی گردن پر قرض ہے۔ بلوچستان میں بیرونی عناصر، ملک اور امن دشمن قوتوں سے نجا ت کے لئے بلوچستان کے عوام کا اعتماد بحال کیا جائے اور سکیورٹی چیکنگ کے نام پر انسانیت سوز سلوک اور تذلیل بند کی جائے۔ مکران ڈویژن کے عوام کو ایران سے بارڈر ٹریڈ کی مشکلات سے نجات دلائی جائے۔