قلات(صباح نیوز)ڈرائیوروں اور مسافروں کے سا تھ پولیس کی مبینہ تلخ کلامی پر ڈرائیور نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو بلاک کردیا، جس کے باعث دو طرفہ ٹریفک معطل ہوگئی، جب کہ پولیس کا موقف ہے کہ مسافر بسوں میں چینی سمگل کی جارہی تھی۔
بلوچستان کے ضلع قلات میں مسافر کوچز کے ڈرائیورز نے پولیس کی مبینہ تلخ کلامی پر احتجاج شروع کردیا اور کوئٹہ کراچی شاہراہ بلاک کردی۔
ڈرائیورز کے احتجاج کے باعث بلوچستان کو کراچی سے جوڑنے والی قومی شاہراہ دونوں اطراف سے بند ہوگئی اور کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچز سمیت درجنوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔مسافر کوچز کے ڈرائیورز کا موقف ہے کہ پولیس نے بسوں کو روک کر ڈرائیوروں اور مسافروں کے سا تھ تلخ کلامی کی۔
دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ مسافر کوچز میں چینی سمگل کی جارہی تھی، تلاشی لینے پر ڈرائیورز نے شاہراہ بلاک کردی۔ اور شاہراہ کی بندش سے متعدد گاڑیاں اور سینکڑوں مسافر خواتین و بچے بزرگ شدید گرمی میں پھنس گئے ۔