اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرے گی۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، حکومت شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کی غرض سے لندن بھیجے جانے کے عدالتی فیصلے میں شہباز شریف کی جانب سے ایک بیان حلفی جمع کرایا گیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے بھائی کی پاکستان واپس آنے سے متعلق ضمانت دی تھی، عدالت عالیہ کو اس حوالے سے ازخود نوٹس لیتے ہوئے میاں شہباز شریف کو طلب کرنا چاہئے تھا لیکن ابھی تک لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے اس معاملے پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، اس لیے وفاقی حکومت نے اس ضمن میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے خلاف عدالتی کارروائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی منڈی کی وجہ سے اشیا اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،عالمی سطح پر مہنگائی کے اثرات پاکستان پر پڑے ہیں۔ نجی سیکٹر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کر رہا، نجی کمپنیاں خود منافع کما رہی ہیں مگرملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کرتیں۔