کراچی (صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ حکومت ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے۔
بھارت کے برعکس پاکستان میں اقلیتوں کی نمائندگی زیادہ ہے اوراقلیتوں کوزیادہ حقوق دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اقلیتی رکن قومی اسمبلی لال چند ملہی کی قیادت میں اقلیتوں کے وفد سے کراچی کے گورنرہا ئوس میں ملاقات کے دوران کہی۔
صدرمملکت نے کہاکہ صوبہ سندھ مذہبی ہم آہنگی اوربرداشت کے حوالہ سے طویل تاریخ کا امین ہے۔ انہوں نے کہاکہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ ملک کے تمام شہریوں کے عقیدہ اورمسلک سے ماورا یکساں حقوق کی بات کی ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں،تھرپارکر، عمرکوٹ، اورٹھٹھہ میں ہندومت اوربدھ مت کے تاریخی مذہبی آثارہیں اوران علاقوں میں مذہبی سیاحت کوفروغ دینے کی ضرورت ہے۔
صدرمملکت نے پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردارکوبھی سراہا۔