اسلام آباد’ ایک ہی خاندان کے 15 سمیت 34افرادمیں اومی کرون کی تصدیق


اسلام آباد/ لاہور (صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شادی کی تقریب میں شریک ایک ہی خاندان کے 15 سمیت 34افرادمیں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔

اسلام آباد میں اومی کرون وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ اومی کرون وائرس کے پھیلا ئومیں تیزی سے اضافہ کے پیشِ نظر ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے باضابطہ ایڈوائزری جاری کردی۔ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد میں شادی کی تقریب میں شریک ایک ہی گھر کے 15 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی، شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد اومی کرون کا شکار ہوئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 66 ہوگئی۔

دوسری جانب لاہور میں اومی کرون کے 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔اومی کرون کے کیسز گلبرگ، ڈی ایچ اے، جوہر ٹاون اور ماڈل ٹائون کے علاقوں میں سامنے آئے ہیں۔پنجاب سمیت لاہور میں کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 155نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 132 نئے مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔